کبھی آپ نے شیطان کو دھوکہ دیا ہے؟
✍️رشحات قلم:مفتی محمد تسلیم الدین المحمودی
یہ کوئی مشکل کام نہیں۔بس ذرا سی ہوشیاری،
ذرا سی تیزی،اور نیت میں خلوص چاہیے۔
یہ دراصل ایک بہت مزے کی گیم ہے۔
جس میں ہار شیطان کی ہوتی ہے،اور جیت اللہ کے رضا کی۔
یہ گیم کیسے سیکھیں گے؟
"نیکی کو ہر وقت لمبی چوڑی سوچ میں مت الجھایا کریں، بس فوراً کرلیا کریں، تاکہ شیطان کو وسوسہ ڈالنے کا موقع ہی نہ ملے۔"
چلیں آئیں دیکھتے ہیں کیسے؟
کبھی قضائے حاجت سے فراغت پر ہاتھ دھوتے ہوئے اچانک وضو شروع کردیا کریں۔
شیطان کو موقع ہی نہ دیں کہ کہے
"بعد میں کر لینا"ابھی کیوں کرنا ہے؟"اس وضو نے رہنا نہیں ہے"بس آپ کرلیں۔ بنا کچھ سوچے۔آپ کے گناہ بہتے جائیں گے۔
اور شیطان سر پکڑے بیٹھا ہوگا۔
گھر والوں کو اچانک مسکرا کر دیکھ لیجیے۔
کسی ایک کو بلا وجہ دعا دے دیجیے۔
یہ بھی صدقہ ہے۔
کبھی گھر میں ادھر اُدھر آتے جاتے ہوئے اچانک جائے نماز پر کھڑے ہو جائیے،
دو نفل کی نیت باندھ لیجیے،بغیر کسی لمبی تمہید کے،بس اللہ کی رضا کے لیے۔
کبھی موبائل استعمال کرتے ہوئے اچانک قرآن و حدیث ایپلیکیشن کھول کر چند آیات پڑھ لیں۔
آپ تسبیح کو دیکھ کر یہ سوچتے ہوئے گزر رہے ہیں کہ آرام سے فارغ ہوکر پڑھوں گا/گی۔
بس آپ اچانک سے اٹھائیں اور پڑھنا شروع کردیں،
چاہے 30,40 بار ہی کچھ پڑھیں۔
صدقے کا خیال آئے تو " بعد میں" کا دروازہ بند کرکےجو ابھی ہے۔
اسی میں سے فوراً نکال دیجیے۔
دل میں کسی کے لیے کبھی حسد سا ابھر آئے تو اچانک اس کے لیے بہترین سی دعا کر دیجیے،
یہ دل کو صاف کر دیتا ہے
اور حقوقُ العباد کی خاموش عبادت ہے۔
اذان کی آواز پر نماز کو ٹالنے کی بجائے اچانک اٹھ جائیے اور کہیےلبیک یا ربی۔
"میں اسی لمحے حاضر ہوں میرے اللہ۔۔۔!"
کبھی بیٹھے بیٹھے اچانک مسکرا کر "الحمدللہ" کہہ دیجیے۔
شکر۔ شیطان کی سب سے بڑی شکست ہے۔
خاموشی سے کام کاج میں مصروف ہیں تو اچانک کلمہ طیبہ پڑھ لیں۔ کبھی سورہ اخلاص پڑھ لیجیے۔یہ ایمان کی تازگی بھی ہے،
اور توحید کا اعلان بھی۔ اورشیطان کو سب سے زیادہ ناپسندیدہ بھی۔کھانا کھانے لگے ہیں۔
اچانک ایک پلیٹ کسی اور کے لیے نکال لیجیے۔
کسی نے دل دکھا دیا تھا۔اور وہ باتیں یاد آرہی ہوں تو
اچانک خود سے کہہ دیجیے کہ
اللہ آپ کی رضا کے لیے اسے معاف کیا۔
یہ نفس پر سب سے بھاری اور اللہ کے ہاں سب سے وزنی عمل ہے۔
پڑھائی یا کام کاج کی مصروفیات میں ہلکان ہوتے ہوئے اچانک کچھ وقت کے لیے ماں باپ کے پاس آ کر بیٹھ جائیے، کبھی مسکراتے ہوئے ان کے ہاتھ تھام لیجیے۔
کسی اہم موقع کا انتظار کیے بغیر کبھی اچانک انہیں گرمجوشی سے گلے مل لیجیے،خاموشی سے دعا لے لیجیے۔یہ جنت کے خوبصورت دروازے ہیں۔
اور سب سے خوبصورت لمحہ وہ ہوتا ہے، جب کسی خاص موقع کی تلاش کی بجائے کام کاج میں مصروف ہوں تو۔آپ اچانک اللہ سے کہہ دیں:"اللہ جی میں آپ سے محبت کرتا/کرتی ہوں۔"
مجھے نفس و شیطان کے شر سے بچا لیجیے۔
شیطان سر پیٹتا رہا جائے گا۔
یقین کیجیے۔ یہ "اچانک" والی نیکیاں۔
شیطان کو سب سے زیادہ پریشان کرتی ہیں۔
کیونکہ اسے مہلت ہی نہیں ملتی کہ اس نیکی کو delay کروانے کا وسوسہ ڈالے۔
تو آج ہی سے یہ "اچانک والے کام" شروع کر دیجیے۔
ہر اچانک والی نیکی اللہ کے قریب اور شیطان سے دور لیتی جائے گی۔ ان شاءاللہ