بسم اللہ کی برکت اور اسکے فوائد
17 فروری، 2026
" ابتداء ہر کام کی لازم ہے بسم اللہ کے ساتھ"
" کیا بگاڑے گا کوئ جب ہو خدا بندے کے ساتھ"
اسلام جو تہذیب انسان کو سکھاتا ہے اس میں سے ایک قاعدہ یہ بھی ہے کہ مسلمان اپنے ہر کام کی ابتداء اللہ کے نام سے کرے
کیونکہ اللہ کا نام لینے کی عادت اسے ہر کام کو شروع کرتے وقت یہ سوچنے پر مجبور کر دے گی کہ واقعی جو کام میں کر رہی/رہا ہوں وہ اللہ کے احکام کے مطابق ہے جس سے کہ وہ بہت سے برے کاموں کے کرنے سے بچ جاے گا اور سب سے بڑا فائدہ اس میں یہ ہے کہ جب وہ کوئ صحیح کام کی ابتداء اللہ کے نام سے کرے گا تو اللہ کی مدد اور توفیق اس میں شامل ہوگی، وہ اس کی کوششوں میں برکت ڈالے گا اور شیطان کے فساد سے اس کو دور رکھے گا۔
ہر کام کو شروع کرنے سے پہلے بسم اللہ کی عادت ایک بہت اچھی عادت ہے جو ہمیں بہت سے برے افعال و اقوال سے بچاتی ہے ہمارے اچھے کاموں میں برکت ڈالتی ہے، اگر ہمارے اندر بسم اللہ کی عادت پختہ ہو جاے تو یہ عادت ہمیں دنیا و آخرت کے بہت سے نقصانات سے بچا سکتی ہے کیونکہ ہم کوئ بھی غلط کام بسم اللہ کے ساتھ شروع نہیں کر سکتے، ہمارا ضمیر یہ گوارہ ہی نہیں کرے گا کہ ہم اللہ کا نام لے کر کوئ غلط کام کریں ہمارے اندر کا ایمان چاہے وہ کمزور ہی کیوں نا ہو ہمیں ہر گز ایسا نہیں کرنے دے گا...!!
جب ہمارے اندر بسم اللہ پڑھنے کی عادت ہوگی تو یہ عادت ہمیں برے کام سے روک لے گی کہ ہم اللہ کا نام لے کر اس کے احکام کی خلاف ورزی کیسے کر سکتے ہیں..؟ ہم یہ سوچنے پر مجبور ہو جائینگے کہ کیا ہم جو کام کرنے جا رہے ہیں وہ صحیح ہے؟ کیا اللہ اس کام سے راضی ہوگا؟ کیا یہ کام اس کی مرضی کے مطابق ہے جو ہم کرنے جا رہے ہیں......؟
اور اسکا فائدہ یہ بھی ہے کہ جب ہم کوئ بھی اچھا کام بسم اللہ پڑھ کر شروع کرینگے تو اللہ کے نام کی برکت سے اس کام میں بہت آسانی ہوگی، شیطان اس کام سے دور ہو جاے گا، اللہ کا خاص کرم اور عنایت ہوگی، ہمیں اس کی نصرت و مدد حاصل ہو جاۓ گی اور اللہ تعالی اس کام میں برکت ڈال دینگے ۔
جب بھی ہم اللہ کی کسی بھی نعمت کا استعمال کریں اس کا دیا ہوا رزق کھائیں اور اس پر اللہ کا نام لے لیں تو اللہ تعالی خوش ہونگے کہ میرا بندہ میری دی ہوئ نعمتوں کا استعمال مجھے بھول کر نہیں کر رہا، میرا بندہ مجھے یاد رکھتا ہے، میری دی ہوئ ہر نعمت پر میرا نام لیتا ہے، مجھے یاد رکھتا ہے میں اسے اور نوازوں گا۔
بسم اللہ پڑھ کر ہم کوئ بھی ایسا کام کرنے سے بچ جائینگے جس سے اللہ ناراض ہوتا ہو اور جو ایسے کام سے بچ جاے جس سے اللہ ناراض ہوتا ہو تو پھر دنیا و آخرت دونوں جگہ اللہ اس بندے کو سرخرو فرماے گا۔
بسم اللہ پڑھ کر ہم کوئ حرام مال نہیں کھا سکینگے،
بسم اللہ پڑھ کر ہم کسی پہ ظلم نہیں کر سکینگے،
بسم اللہ پڑھ کر ہم کسی کی غیبت نہیں کر سکینگے،
بسم اللہ پڑھ کر ہم کسی یتیم کا حق نہیں کھا سکینگے،
بسم اللہ پڑھ کر ہم والدین کے ساتھ بد سلوکی نہیں کر سکینگے،
بسم اللہ پڑھ کر ہم لوگوں کی عیب جوئی نہیں کر سکینگے،
بسم اللہ پڑھ کر ہم کسی ظالم کا ساتھ نہیں دے سکینگے،
بسم اللہ پڑھ کر ہم جھوٹ نہیں بول سکینگے،
بسم اللہ پڑھ کر ہم چوری نہیں کر سکینگے،
بسم اللہ پڑھ کر ہم جھوٹی گواہی نہیں دے سکیں گے،
بسم اللہ پڑھ کر ہم اپنے نفس و شیطان کی غلامی سے بچ جائینگے اور اس طرح کے ہزاروں گناہوں سے ہم بسم اللہ کی برکت سے بچ سکتے ہیں۔
ہمیں ہر کام کے شروع میں بسم اللہ اور آخر میں الحمدللہ کہنے کی عادت کو اپنے اندر پیوست کرنا ہے تاکہ ہم اللہ کے غضب سے بچ سکیں اور اس کی محبت اس کا قرب حاصل کر سکیں، اسکی دنیا اور اسکی جنت دونوں کے حقدار بن سکیں۔
✍️بنت شہاب💫