ہمارے معاشرے میں ایک عام غلط فہمی یہ پائی جاتی ہے کہ تعلیم اور شادی دو ایسے راستے ہیں جو ایک ساتھ نہیں چل سکتے، گویا لڑکی کو ان میں سے کسی ایک کو ضرور چننا پڑے گا۔
چنانچہ اگر دورانِ تعلیم کسی لڑکی کے لیے کوئی موزوں رشتہ آ جائے تو بعض گھرانے فوراً یہ کہہ کر انکار کر دیتے ہیں کہ ابھی شادی کا وقت نہیں آیا، پہلے تعلیم مکمل ہونی چاہیے، خواہ حالات کچھ بھی ہوں۔
بلاشبہ لڑکیوں کی تعلیم نہایت اہم ہے، بلکہ موجودہ دور میں اس کی ضرورت اور بھی بڑھ گئی ہے، لیکن مسئلہ اُس وقت پیدا ہوتا ہے جب تعلیم کو ایک ذریعہ سمجھنے کے بجائے ایسا مطلق مقصد بنا لیا جائے جس کے مقابلے میں ہر دوسری مصلحت کو نظرانداز کر دیا جائے۔
حالانکہ ہر انسان کے حالات، رجحانات، صلاحیتیں اور زندگی کے مواقع ایک دوسرے سے مختلف ہوتے ہیں۔ تمام لڑکیاں ایک جیسی نہیں ہوتیں، نہ اُن کے خواب ایک جیسے ہوتے ہیں اور نہ اُن کے لیے آنے والے مواقع۔
اسی لیے دانش مندی اس میں نہیں کہ سب کے لیے ایک ہی اصول مقرر کر دیا جائے، بلکہ اصل حکمت ہر معاملے کو اس کے مخصوص حالات اور تقاضوں کے مطابق دیکھنے میں ہے۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ بعض اوقات ایسے فیصلوں میں خود لڑکی کی رائے کو اہمیت ہی نہیں دی جاتی، حالانکہ شادی بھی اُس کی زندگی کا ایک نہایت اہم اور دور رس اثرات رکھنے والا فیصلہ ہے، اور تعلیم جاری رکھنا بھی۔
خاندان کا کام یہ نہیں کہ وہ اپنی بیٹی پر کوئی راستہ مسلط کر دے، بلکہ اس کی رہنمائی کرے، حالات، فوائد و نقصانات اور مستقبل کے امکانات کو سامنے رکھ کر اُسے بہتر فیصلہ کرنے میں مدد دے۔
یہ بات بھی پیشِ نظر رہنی چاہیے کہ شادی کا مطلب لازماً تعلیمی سفر کا خاتمہ نہیں، اور نہ ہی تعلیم ایسی رکاوٹ بننی چاہیے کہ برسوں تک شادی کے تمام امکانات بلاوجہ مؤخر کر دیے جائیں۔
آج کے دور میں حالات بہت بدل چکے ہیں۔ اگر باہمی تعاون، سمجھ داری اور مناسب منصوبہ بندی ہو تو تعلیم اور ازدواجی زندگی کو ساتھ لے کر چلنا بالکل ممکن ہے۔
لہٰذا اصل سوال یہ نہیں کہ:
تعلیم زیادہ اہم ہے یا شادی؟
کیونکہ اس کا جواب ہر لڑکی کے حالات کے مطابق مختلف ہو سکتا ہے۔
بلکہ درست سوال یہ ہے کہ:
اس مخصوص لڑکی کے لیے ایسا کون سا فیصلہ بہتر ہے جو اس کے دین، دنیا، مزاج، حالات اور مستقبل کے حق میں زیادہ مفید ہو؟
کیونکہ دانائی یکساں فیصلے نافذ کرنے میں نہیں، بلکہ لوگوں کے درمیان موجود فرق کو سمجھنے اور ہر ایک کے لیے مناسب راستہ اختیار کرنے میں ہے۔
اور حقیقت میں سمجھ دار اور دور اندیش خاندان وہی ہوتے ہیں جو اپنے بیٹوں اور بیٹیوں کے مستقبل کا فیصلہ محض رسم و رواج کی عینک سے نہیں، بلکہ بصیرت، حکمت اور حقیقت پسندی کے ساتھ کرتے ہیں۔



محمد مصعب پالنپوری