*نوجوان نسل کہاں جا رہی ہے؟*
*خامہ بکف محمد عادل ارریاوی*
________________________________
مجھے بہت افسوس ہوتا ہے کہ آخر جدید دور کے لڑکے اور لڑکیاں خود کو غلط راستوں کی طرف کیوں لے جا رہے ہیں۔ آج ایک شخص بڑے فخر کے ساتھ اپنی نامناسب وابستگی کا ذکر کر رہا تھا یہ سن کر دل کو بہت تکلیف ہوئی طبیعت میں سخت ناراضی پیدا ہوئی لیکن میں نے کچھ سوچ کر خاموشی اختیار کی اور دل ہی دل میں دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کو ہدایت عطا فرمائے۔
آخر ہم کب تک برداشت کریں اور کتنی بار سمجھائیں؟ آج جہاں نظر ڈالیے وہاں اکثر لڑکے اور لڑکیاں ایک دوسرے کی طرف متوجہ بےضرورت گفتگو کرتے ملاقاتیں کرتے اور بعض اوقات نامناسب حرکات میں مشغول دکھائی دیتے ہیں گرل فرینڈ اور بوائے فرینڈ کے نام پر غیروں کی تہذیب اور طریقوں کو اپنانے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے۔
آخر والدین اس معاملے پر سنجیدگی سے توجہ کیوں نہیں دیتے؟ کیوں بعض لوگ اپنے بچوں کی ایسی سرگرمیوں سے بےخبر یا غافل نظر آتے ہیں؟ خدارا اپنے بچوں پر توجہ دیجیے یہ دیکھیے کہ وہ کس ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں کن لوگوں کی صحبت اختیار کیے ہوئے ہیں اور ان کی سوچ و فکر کس سمت میں جارہی ہے۔
والدین صرف بچوں کی دنیاوی کامیابی اور روشن مستقبل کے خواب ہی نہ دیکھیں بلکہ ان کی تربیت کردار اور اخلاق پر بھی نگاہ رکھیں۔ ان کی رہنمائی کریں ان پر مناسب توجہ دیں اور ان کی زندگی کے معاملات سے باخبر رہیں ورنہ بعض اوقات خواب خواب ہی رہ جاتے ہیں اور پھر اچانک ایسے حالات سامنے آجاتے ہیں جن سے برسوں کی کمائی ہوئی عزت و وقار لمحوں میں بکھر جاتے ہیں اور بعد میں افسوس اور پچھتاوے کے سوا کچھ باقی نہیں رہتا۔
اللہ تعالیٰ ہماری نوجوان نسل کو صحیح راستہ اختیار کرنے کی توفیق دے والدین کو اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم سب کو خیر و بھلائی کے راستے پر قائم رکھے۔ آمین یارب العالمین ۔