مسجد اسلام کے شعائرِ عظیمہ میں سے ہے یہ اللہ تعالیٰ کا مقدس گھر، توحید و عبادت کا مرکز، ایمان و تقویٰ کی تربیت گاہ، قرآن و سنت کی تعلیم کا سرچشمہ، ذکر و دعا کی جگہ، اخوت و محبت کا مرکز اور اصلاحِ فرد و معاشرہ کا عظیم ادارہ ہے؛ مسجد محض اینٹ، پتھر اور خوبصورت عمارت کا نام نہیں بلکہ یہ وہ مقدس مقام ہے جہاں بندہ اپنے رب کے سامنے جھکتا ہے، جہاں اذان کے ذریعے توحید کا اعلان ہوتا ہے، جہاں نماز کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط ہوتا ہے، جہاں قرآن کی تلاوت سے دلوں کو زندگی ملتی ہے، جہاں ذکر و دعا سے روحوں کو سکون حاصل ہوتا ہے اور جہاں علم و تربیت کے ذریعے صالح افراد اور پاکیزہ معاشرہ تشکیل پاتا ہے؛ اللہ تعالیٰ نے مساجد کو اپنی ذاتِ اقدس کی طرف منسوب کرتے ہوئے فرمایا وَأَنَّ الْمَسَاجِدَ لِلَّهِ فَلَا تَدْعُوا مَعَ اللَّهِ أَحَدًا اور بے شک مسجدیں اللہ ہی کے لیے ہیں، لہٰذا اللہ کے ساتھ کسی کو نہ پکارو؛ اس آیت سے مسجد کا تقدس، اس کی نسبتِ الٰہی اور اس کے مقصدِ اصلی کا واضح اظہار ہوتا ہے کہ مسجد میں عبادت و بندگی صرف اللہ تعالیٰ کے لیے ہو اور وہاں توحید و اخلاص کا ماحول قائم رہے؛ اللہ تعالیٰ نے مساجد کی عظمت بیان کرتے ہوئے فرمایا فِي بُيُوتٍ أَذِنَ اللَّهُ أَنْ تُرْفَعَ وَيُذْكَرَ فِيهَا اسْمُهُ يُسَبِّحُ لَهُ فِيهَا بِالْغُدُوِّ وَالْآصَالِ ان گھروں میں جنہیں اللہ نے بلند کرنے اور جن میں اپنا نام ذکر کیے جانے کا حکم دیا ہے، ان میں صبح و شام اس کی تسبیح کی جاتی ہے؛ چنانچہ مسجد کی تعظیم، پاکیزگی، حفاظت، تعمیر، آبادکاری اور ذکرِ الٰہی کو قائم رکھنا اہلِ ایمان کی اہم ذمہ داری ہے؛ قرآن مجید نے مسجد کی حقیقی آبادی کو اہلِ ایمان کی صفات میں شمار کرتے ہوئے فرمایا۔ إِنَّمَا يَعْمُرُ مَسَاجِدَ اللَّهِ مَنْ آمَنَ بِاللَّهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِ وَأَقَامَ الصَّلَاةَ وَآتَى الزَّكَاةَ وَلَمْ يَخْشَ إِلَّا اللَّهَ فَعَسَىٰ أُولَٰئِكَ أَنْ يَكُونُوا مِنَ الْمُهْتَدِينَ۔ اللہ کی مسجدوں کو وہی لوگ آباد کرتے ہیں جو اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان رکھتے ہیں، نماز قائم کرتے ہیں، زکوٰۃ ادا کرتے ہیں اور اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے، پس امید ہے کہ یہی لوگ ہدایت یافتہ لوگوں میں سے ہوں گے‘‘؛ غور کرنے کی بات یہ ہے کہ قرآن نے مسجد کی آبادی کو محض تعمیر کے ساتھ نہیں بلکہ ایمان، نماز، زکوٰۃ اور خشیتِ الٰہی کے ساتھ وابستہ کیا ہے، اس لیے مسجد کی حقیقی آبادی صرف بلند مینار، خوبصورت گنبد، قیمتی قالین، شاندار فرش اور نفیس آرائش کا نام نہیں بلکہ مسجد کی اصل رونق نمازیوں سے، اس کی زندگی ذکرِ الٰہی سے، اس کی روشنی قرآن سے، اس کی برکت علم و عبادت سے اور اس کا حقیقی کردار صالح انسانوں کی تربیت سے قائم ہوتا ہے؛ مسجد تعمیر کرنا عظیم صدقۂ جاریہ ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مَنْ بَنَى لِلَّهِ مَسْجِدًا يَبْتَغِي بِهِ وَجْهَ اللَّهِ بَنَى اللَّهُ لَهُ بَيْتًا فِي الْجَنَّةِ جو شخص اللہ کی رضا حاصل کرنے کے لیے مسجد بنائے، اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت میں ایک گھر بناتا ہے؛ لیکن مسجد تعمیر کرنے کے ساتھ اسے آباد کرنا بھی ضروری ہے، کیونکہ اگر مسجد کی عمارت شاندار ہو مگر صفیں خالی ہوں، قرآن کی آواز سنائی نہ دے، دینی تعلیم کا سلسلہ نہ ہو اور ذکر و عبادت کا ماحول نہ ہو تو مسجد کی تعمیر کا مقصد مکمل نہیں ہوتا؛ رسول اللہ ﷺ نے مسجد کی طرف جانے والے کے ہر قدم کو اجر کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے فرمایا مَنْ تَطَهَّرَ فِي بَيْتِهِ، ثُمَّ مَشَى إِلَى بَيْتٍ مِنْ بُيُوتِ اللَّهِ لِيَقْضِيَ فَرِيضَةً مِنْ فَرَائِضِ اللَّهِ، كَانَتْ خَطْوَتَاهُ: إِحْدَاهُمَا تَحُطُّ خَطِيئَةً، وَالْأُخْرَى تَرْفَعُ دَرَجَةً۔ جو شخص اپنے گھر میں وضو کرے، پھر اللہ کے گھروں میں سے کسی گھر کی طرف اللہ کا فرض ادا کرنے کے لیے چلے تو اس کے دونوں قدموں میں سے ایک قدم گناہ مٹاتا ہے اور دوسرا درجہ بلند کرتا ہے اس حدیث سے مسجد کی طرف جانے کی عظمت اور نمازِ باجماعت کی اہمیت واضح ہوتی ہے؛ اسی طرح نبی کریم ﷺ نے فرمایا مَنْ غَدَا إِلَى الْمَسْجِدِ أَوْ رَاحَ أَعَدَّ اللَّهُ لَهُ نُزُلَهُ مِنَ الْجَنَّةِ كُلَّمَا غَدَا أَوْ رَاحَ۔ جو شخص صبح یا شام مسجد کی طرف جاتا ہے، اللہ تعالیٰ اس کے لیے جنت میں مہمانی کا سامان تیار فرماتا ہے؛ مسجد سے تعلق محض جسمانی حاضری کا نام نہیں بلکہ قلبی وابستگی بھی مطلوب ہے، چنانچہ رسول اللہ ﷺ نے قیامت کے دن خصوصی سایۂ رحمت پانے والے خوش نصیب لوگوں میں اس شخص کو بھی شمار فرمایا جس کا دل مسجدوں سے وابستہ ہو وَرَجُلٌ قَلْبُهُ مُعَلَّقٌ بِالْمَسَاجِدِ۔ اور وہ شخص جس کا دل مسجدوں سے وابستہ ہو‘‘؛ مسجد میں قرآن کی تلاوت اور تعلیم کی فضیلت بھی بے مثال ہے، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مَا اجْتَمَعَ قَوْمٌ فِي بَيْتٍ مِنْ بُيُوتِ اللَّهِ يَتْلُونَ كِتَابَ اللَّهِ وَيَتَدَارَسُونَهُ بَيْنَهُمْ، إِلَّا نَزَلَتْ عَلَيْهِمُ السَّكِينَةُ، وَغَشِيَتْهُمُ الرَّحْمَةُ، وَحَفَّتْهُمُ الْمَلَائِكَةُ، وَذَكَرَهُمُ اللَّهُ فِيمَنْ عِنْدَهُ۔ جو لوگ اللہ کے گھروں میں سے کسی گھر میں جمع ہوکر اللہ کی کتاب کی تلاوت کرتے اور آپس میں اس کا درس کرتے ہیں، ان پر سکینت نازل ہوتی ہے، رحمت انہیں ڈھانپ لیتی ہے، فرشتے انہیں گھیر لیتے ہیں اور اللہ تعالیٰ اپنے مقرب فرشتوں میں ان کا ذکر فرماتا ہے؛ اس لیے مسجد کو قرآن فہمی، دینی تعلیم، ذکر و اذکار، وعظ و نصیحت اور تربیت کا مرکز بنانا اس کی حقیقی آبادی کا لازمی حصہ ہے؛ رسول اللہ ﷺ نے مدینہ منورہ تشریف لانے کے بعد مسجد نبوی کو اسلامی معاشرے کی تعمیر کا بنیادی مرکز بنایا، جہاں عبادت کے ساتھ تعلیم و تربیت، دعوت و اصلاح، باہمی مشاورت اور اجتماعی ضروریات کی تکمیل ہوتی تھی، اس لیے مسجد کو صرف پانچ وقت کی نماز تک محدود کردینا اس کے جامع اسلامی کردار کو محدود کردینا ہے؛ مسجد کا مقصد انسان کو اللہ سے جوڑنا اور پھر اللہ کی مخلوق کے حقوق ادا کرنے کے قابل بنانا ہے، اس لیے مسجد سے نکلنے والا نمازی اپنے گھر میں صالح شوہر، صالح بیوی، ذمہ دار والدین، فرمانبردار اولاد، اچھا پڑوسی، دیانت دار تاجر، امانت دار ملازم، مخلص استاد، باکردار طالب علم اور مفید شہری بنے، یہی مسجد کی تربیت کا حقیقی ثمر ہے؛ مسلمانوں کی پہلی ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنی مساجد کو نماز سے آباد کریں، پانچوں نمازوں کی پابندی کریں اور حتی الامکان نمازِ باجماعت کا اہتمام کریں؛ دوسری ذمہ داری یہ ہے کہ مسجد میں قرآن کریم کی تلاوت، حفظ، ناظرہ، ترجمہ و تفسیر اور دینی تعلیم کا مستقل نظام قائم کریں؛ تیسری ذمہ داری یہ ہے کہ بچوں اور نوجوانوں کو مسجد سے جوڑیں، ان کے دلوں میں مسجد کی محبت پیدا کریں اور انہیں نماز، قرآن، اخلاق اور اسلامی آداب کی تربیت دیں؛ چوتھی ذمہ داری یہ ہے کہ مسجد کی صفائی، پاکیزگی، خوشبو، نظم و ضبط اور احترام کا اہتمام کریں، کیونکہ مسجد اللہ کا گھر ہے اور اس کے آداب کی رعایت ہر مسلمان پر لازم ہے؛ پانچویں ذمہ داری یہ ہے کہ مسجد کے مالی معاملات کو امانت سمجھا جائے، چندہ، عطیات، وقف اور دیگر اموال کو شفاف طریقے سے استعمال کیا جائے اور کسی بھی شخص کو مسجد کے مال میں ذاتی منفعت یا غیر مجاز تصرف کا حق نہ دیا جائے؛ چھٹی ذمہ داری یہ ہے کہ مسجد کو باہمی اختلاف، گروہی کشمکش، ذاتی دشمنی، غیبت، الزام تراشی اور نزاع کا مرکز نہ بننے دیا جائے، بلکہ اسے محبت، اخوت، اصلاح، خیرخواہی اور اتحاد کا مرکز بنایا جائے، کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے إِنَّمَا الْمُؤْمِنُونَ إِخْوَةٌ فَأَصْلِحُوا بَيْنَ أَخَوَيْكُمْ مؤمن تو آپس میں بھائی بھائی ہیں، پس اپنے دونوں بھائیوں کے درمیان اصلاح کرو؛ ساتویں ذمہ داری یہ ہے کہ اہلِ علم، ائمہ اور خطباء مسجد کو اصلاحِ معاشرہ کا مؤثر مرکز بنائیں، لوگوں کو قرآن و سنت کی تعلیم دیں، عقائد و عبادات کی درستگی کی طرف متوجہ کریں، اخلاق و معاملات کی اصلاح کریں، گھریلو زندگی کے مسائل میں شرعی رہنمائی فراہم کریں اور معاشرے میں پھیلنے والی برائیوں کا حکمت و بصیرت کے ساتھ سدباب کریں؛ آٹھویں ذمہ داری یہ ہے کہ صاحبِ استطاعت مسلمان مسجد کی تعمیر و مرمت، بجلی، پانی، صفائی، دینی کتب اور دیگر ضروریات میں حسبِ استطاعت تعاون کریں، کیونکہ مسجد کی خدمت بڑی سعادت اور عظیم صدقۂ جاریہ ہے؛ نویں ذمہ داری یہ ہے کہ مسجد کی انتظامیہ دیانت، شفافیت، مشاورت اور جواب دہی کے اصولوں پر کام کرے، کیونکہ مسجد کا ہر مال اور ہر سامان امانت ہے؛ دسویں اور سب سے اہم ذمہ داری یہ ہے کہ مسجد کو صرف عمارت کے اعتبار سے نہیں بلکہ عبادت، علم، قرآن، ذکر، تربیت، دعوت، اخوت اور اصلاح کے اعتبار سے آباد کیا جائے؛ قرآن کریم نے مسجدوں کو ویران کرنے اور ان میں اللہ کا نام لینے سے روکنے کو سخت ظلم قرار دیتے ہوئے فرمایا وَمَنْ أَظْلَمُ مِمَّنْ مَنَعَ مَسَاجِدَ اللَّهِ أَنْ يُذْكَرَ فِيهَا اسْمُهُ وَسَعَىٰ فِي خَرَابِهَا أُولَٰئِكَ مَا كَانَ لَهُمْ أَنْ يَدْخُلُوهَا إِلَّا خَائِفِينَ لَهُمْ فِي الدُّنْيَا خِزْيٌ وَلَهُمْ فِي الْآخِرَةِ عَذَابٌ عَظیمٌ اور اس شخص سے بڑھ کر ظالم کون ہے جو اللہ کی مسجدوں میں اس کا نام لیے جانے سے روکے اور ان کی ویرانی کی کوشش کرے؟ ایسے لوگوں کے لیے دنیا میں رسوائی ہے اور آخرت میں بڑا عذاب؛ اس لیے مسجد کو ویران کرنے کے ہر اس طریقے سے بچنا چاہیے جس سے اس کا مقصد فوت ہو، چاہے وہ مسجد میں ذکر و عبادت سے روکنا ہو، نمازیوں کو دور کرنا ہو، دینی تعلیم کا سلسلہ ختم کرنا ہو یا اسے باہمی نزاع اور ذاتی مفادات کا میدان بنا دینا ہو؛ البتہ مسجد کی آبادی کا مطلب یہ بھی ہے کہ اس کے شرعی تقدس اور حدود کی مکمل حفاظت کی جائے، مسجد میں دنیاوی شور و شغب، لغو گفتگو اور ایسے امور سے احتراز کیا جائے جو اس کے وقار کے منافی ہوں؛ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی مساجد کا جائزہ لیں کہ کیا ہماری مسجدیں صرف خوبصورت عمارتیں ہیں یا واقعی ایمان و عمل کے مراکز؟ کیا ان میں پانچوں نمازیں باجماعت ادا ہوتی ہیں؟ کیا بچوں اور نوجوانوں کے لیے قرآن و دینی تعلیم کا انتظام ہے؟ کیا عوام کو بنیادی مسائلِ دین سکھائے جاتے ہیں؟ کیا مسجد میں اصلاحِ معاشرہ، اخوت و محبت اور باہمی صلح کا ماحول قائم ہے؟ کیا مسجد کے مالی معاملات شفاف ہیں؟ اگر ان سوالات کا جواب اطمینان بخش نہیں تو ہمیں اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے مسجد کی حقیقی آبادی کے لیے اجتماعی جدوجہد کرنا ہوگی؛ یاد رکھیے! مسجد کی رونق عمارت سے نہیں، نمازیوں سے ہے؛ مسجد کی روشنی چراغوں سے نہیں، قرآن سے ہے؛ مسجد کی برکت آرائش سے نہیں، عبادت سے ہے؛ مسجد کی طاقت اس کے حجم میں نہیں، اس کے اثرات میں ہے؛ اور مسجد کی کامیابی اس وقت ہے جب وہ انسان کے دل کو اللہ سے، انسان کو قرآن سے، مسلمان کو مسلمان سے اور معاشرے کو خیر و اصلاح سے جوڑ دے۔لہٰذا ہر مسلمان اپنے دل میں مسجد کی محبت پیدا کرے، اذان کی آواز پر لبیک کہے، نمازوں کی پابندی کرے، اپنے بچوں اور نوجوانوں کو مسجد سے وابستہ کرے، قرآن و سنت کی تعلیم حاصل کرے، مسجد کی خدمت و حفاظت کرے، اس کے نظم و انتظام میں دیانت و تعاون کا مظاہرہ کرے اور اپنی استطاعت کے مطابق مسجد کی آبادی میں حصہ لے؛ کیونکہ مسجد صرف محلے کی ایک عمارت نہیں بلکہ ہماری دینی شناخت، ایمانی تربیت اور اجتماعی زندگی کا مرکز ہے، اور جب مساجد آباد ہوں گی تو دل آباد ہوں گے، جب دل آباد ہوں گے تو گھر آباد ہوں گے، جب گھر آباد ہوں گے تو معاشرہ آباد ہوگا، اور جب معاشرہ قرآن و سنت کی روشنی میں آباد ہوگا تو امت کے اندر ایمان، تقویٰ، اخوت، علم، کردار اور خیر کا چراغ روشن ہوگا پس مسجد کی تعمیر صدقۂ جاریہ ہے، مسجد کی آبادی ایمان کی علامت ہے، مسجد سے محبت سعادت ہے، مسجد کی خدمت عظیم عبادت ہے، مسجد کی حفاظت امانت ہے، اور مسجد کو نماز، قرآن، ذکر، علم، تقویٰ، اخوت اور اصلاح کے ذریعے زندہ رکھنا ہر مسلمان کی مشترکہ دینی و اجتماعی ذمہ داری ہے۔