ازدواجی زندگی: توقعات، ذمہ داریاں اور باہمی توازن
ازقلم: زا-شیخ
ازدواجی زندگی کی خوبصورتی اور پائیداری کا دارومدار باہمی افہام و تفہیم پر ہوتا ہے، جہاں میاں بیوی دونوں ہی رشتے کی گاڑی کو توازن کے ساتھ آگے بڑھاتے ہیں۔ بظاہر ہر کوئی خوش گوار تعلقات کا خواہاں ہوتا ہے، لیکن عملی زندگی میں اکثر چھوٹی چھوٹی غلط فہمیاں دوریوں کا سبب بن جاتی ہیں۔
بعض اوقات صورتِ حال اس کے برعکس بھی ہوتی ہے کہ بیوی شوہر سے غیر معمولی توجہ اور وقت کی خواہش رکھتی ہے، جبکہ مرد روزگار، گھریلو اخراجات، بیوی بچوں اور والدین سمیت کئی ذمہ داریوں کے درمیان توازن قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے۔ اگر وہ کسی ایک طرف توجہ کم دے تو دوسری طرف سے شکایتیں شروع ہو جاتی ہیں۔ بالخصوص بعض خواتین کو یہ شکوہ رہتا ہے کہ ان کے شوہر ان کی بات نہیں سنتے، انہیں مناسب توجہ نہیں دیتے اور ان کا بیشتر وقت دیگر گھریلو ذمہ داریوں کی نذر ہو جاتا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ رشتے صرف توجہ طلب کرنے سے نہیں، بلکہ ایک دوسرے کے حالات، مصروفیات اور مجبوریوں کو سمجھنے سے نبھتے ہیں۔ بے جا شکوے اور گلے اکثر دلوں میں دوریاں پیدا کر دیتے ہیں۔ لہٰذا بیوی کو چاہیے کہ وہ شوہر کے کام، اس کی عملی مصروفیات اور دیگر ضروریات کو سمجھے اور اس کی ذمہ داریوں میں خوش دلی سے تعاون کرے۔ یقیناً جب مرد کو گھر میں سمجھ بوجھ، ذہنی سکون اور تعاون میسر ہوگا تو اس کے لیے بھی اپنی شریکِ حیات کے جذبات اور ضروریات کا خیال رکھنا آسان ہوگا۔
اسی طرح شوہر پر بھی لازم ہے کہ وہ بیوی کے احساسات کی قدر کرے، اسے مناسب وقت اور توجہ دے اور اس کے جذبات کو نظر انداز نہ کرے۔ کیونکہ ازدواجی زندگی دراصل ایک دوسرے سے لامتناہی توقعات وابستہ کرنے کے بجائے ایک دوسرے کو سمجھنے، حالات کی گنجائش دینے اور باہمی تعاون سے زندگی گزارنے کا حسین نام ہے۔ 🌸