اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے اور اس کی بنیاد اللہ تعالیٰ کی بندگی اور رسول اللہ ﷺ کی اطاعت و اتباع پر قائم ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی اطاعت محض ایک دینی فریضہ نہیں، بلکہ ایمان کی علامت، محبتِ الٰہی کا معیار، رحمت و مغفرت کا ذریعہ اور دنیا و آخرت کی کامیابی کا راستہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآنِ مجید میں اپنی اطاعت کے ساتھ رسول اللہ ﷺ کی اطاعت کا حکم دیتے ہوئے ارشاد فرمایا مَنْ يُطِعِ الرَّسُولَ فَقَدْ أَطَاعَ اللَّهَ’’جس نے رسول کی اطاعت کی، اس نے درحقیقت اللہ کی اطاعت کی۔‘‘ اس آیت سے واضح ہوتا ہے کہ اطاعتِ رسول ﷺ درحقیقت اطاعتِ خداوندی ہے اور اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی کا راستہ رسول اللہ ﷺ کی اتباع سے ہوکر گزرتا ہے۔
اطاعتِ رسول ﷺ سببِ رحمت و نصرت ہے اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے ﴿وَأَطِيعُوا اللَّهَ وَالرَّسُولَ لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُونَ﴾’’اللہ اور رسول کی اطاعت کرو تاکہ تم پر رحم کیا جائے۔‘‘ اسی طرح رسول اللہ ﷺ کی تعظیم، نصرت اور اتباع کو کامیابی کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے فرمایا فَالَّذِينَ آمَنُوا بِهِ وَعَزَّرُوهُ وَنَصَرُوهُ وَاتَّبَعُوا النُّورَ الَّذِي أُنْزِلَ مَعَهُ أُولَٰئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُونَ ’’پس جو لوگ اس نبی پر ایمان لائے، ان کی تعظیم کی، ان کی مدد کی اور اس نور کی پیروی کی جو ان کے ساتھ نازل کیا گیا، وہی کامیاب ہیں۔‘‘ معلوم ہوا کہ دینِ نبوی ﷺ کی نصرت، سنت کی حفاظت اور عملی اتباع ہی رحمتِ الٰہی اور فلاح کا ذریعہ ہے۔
اطاعتِ رسول ﷺ کامیابی اور جنت کا راستہ ہے اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے ﴿وَمَنْ يُطِعِ اللَّهَ وَرَسُولَهُ فَقَدْ فَازَ فَوْزًا عَظِيمًا ’’اور جو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے، اس نے یقیناً بہت بڑی کامیابی حاصل کرلی۔‘‘ رسول اللہ ﷺ نے جنت میں داخلے کا راستہ واضح کرتے ہوئے ارشاد فرمایا مَنْ أَطَاعَنِي دَخَلَ الْجَنَّةَ، وَمَنْ عَصَانِي فَقَدْ أَبَى ’’جس نے میری اطاعت کی وہ جنت میں داخل ہوگا اور جس نے میری نافرمانی کی، اس نے گویا انکار کیا۔‘‘ اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ جنت کا راستہ اتباعِ رسول ﷺ سے وابستہ ہے، محض زبانی دعوائے محبت کافی نہیں، بلکہ عملی اطاعت ضروری ہے۔
اطاعتِ رسول ﷺ محبتِ الٰہی اور مغفرت کا ذریعہ ہے اللہ تعالیٰ نے محبتِ الٰہی کے حصول کا معیار بیان کرتے ہوئے فرمایا قُلْ إِنْ كُنْتُمْ تُحِبُّونَ اللَّهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللَّهُ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوبَكُمْ ’’آپ فرما دیجیے: اگر تم اللہ سے محبت کرتے ہو تو میری پیروی کرو، اللہ تم سے محبت کرنے لگے گا اور تمہارے گناہ بخش دے گا۔‘‘ یہ آیت محبتِ الٰہی کا ایک عظیم اصول بیان کرتی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی محبت اور مغفرت کا حصول اتباعِ رسول ﷺ کے بغیر ممکن نہیں۔ لہٰذا سچی محبت کا تقاضا ہے کہ انسان اپنی خواہشات پر سنتِ نبوی ﷺ کو ترجیح دے۔
اطاعتِ رسول ﷺ ایمان کی علامت ہے اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے فَلَا وَرَبِّكَ لَا يُؤْمِنُونَ حَتَّىٰ يُحَكِّمُوكَ فِيمَا شَجَرَ بَيْنَهُمْ ’’آپ کے رب کی قسم! یہ لوگ اس وقت تک مومن نہیں ہوسکتے جب تک اپنے باہمی اختلافات میں آپ کو فیصلہ کرنے والا نہ مان لیں۔‘‘ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا لَا يُؤْمِنُ أَحَدُكُمْ حَتَّىٰ أَكُونَ أَحَبَّ إِلَيْهِ مِنْ وَالِدِهِ وَوَلَدِهِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ ’’تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک کامل مومن نہیں ہوسکتا جب تک میں اس کے نزدیک اس کے والد، اس کی اولاد اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہوجاؤں۔‘‘ اس سے معلوم ہوا کہ رسول اللہ ﷺ کی محبت اور آپ کے فیصلوں کو دل و جان سے قبول کرنا ایمان کے بنیادی تقاضوں میں سے ہے۔
اطاعتِ رسول ﷺ انبیاء و صالحین کی رفاقت کا ذریعہ ہے اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے وَمَنْ يُطِعِ اللَّهَ وَالرَّسُولَ فَأُولَٰئِكَ مَعَ الَّذِينَ أَنْعَمَ اللَّهُ عَلَيْهِمْ مِنَ النَّبِيِّينَ وَالصِّدِّيقِينَ وَالشُّهَدَاءِ وَالصَّالِحِينَ وَحَسُنَ أُولَٰئِكَ رَفِيقًا ’’اور جو اللہ اور رسول کی اطاعت کرے گا، وہ ان لوگوں کے ساتھ ہوگا جن پر اللہ نے انعام فرمایا، یعنی انبیاء، صدیقین، شہداء اور صالحین، اور یہ کتنے اچھے ساتھی ہیں۔‘‘ یہ اطاعتِ رسول ﷺ کا ایک عظیم انعام ہے کہ انسان قیامت کے دن اللہ کے مقرب بندوں کی رفاقت سے سرفراز ہوگا۔
اطاعتِ رسول ﷺ کا تقاضا اور ہماری ذمہ داری رسول اللہ ﷺ کی اطاعت صرف عبادات تک محدود نہیں، بلکہ زندگی کے تمام شعبوں پر محیط ہے۔ معاملات، تجارت، معاشرت، اخلاق، عدل و انصاف، والدین کے حقوق اور حقوق العباد، سب میں تعلیماتِ نبوی ﷺ کی پیروی ضروری ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے وَمَا آتَاكُمُ الرَّسُولُ فَخُذُوهُ وَمَا نَهَاكُمْ عَنْهُ فَانْتَهُوا ’’رسول تمہیں جو کچھ عطا فرمائیں اسے لے لو اور جس چیز سے منع فرمائیں اس سے رک جاؤ۔‘‘ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مَنْ أَطَاعَنِي فَقَدْ أَطَاعَ اللَّهَ، وَمَنْ عَصَانِي فَقَدْ عَصَى اللَّهَ ’’جس نے میری اطاعت کی اس نے اللہ کی اطاعت کی اور جس نے میری نافرمانی کی اس نے اللہ کی نافرمانی کی۔‘‘ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کا جائزہ لیں، نمازوں کی پابندی کریں، سنتِ نبوی ﷺ کو اپنائیں، جھوٹ، غیبت، بہتان، ظلم اور حق تلفی سے بچیں، معاملات میں دیانت داری اختیار کریں اور اپنی اولاد کی تربیت محبتِ رسول ﷺ اور اتباعِ سنت کے جذبے کے ساتھ کریں۔
حاصلِ کلام اطاعتِ رسول ﷺ ہی اطاعتِ خداوندی، محبتِ الٰہی، رحمت و مغفرت، نصرت و کامیابی، جنت میں داخلے او انبیاء و صالحین کی رفاقت کا ذریعہ ہے۔ اس لیے ہماری محبتِ رسول ﷺ کا حقیقی ثبوت یہ ہونا چاہیے کہ ہماری زندگی کا ہر شعبہ تعلیماتِ نبوی ﷺ کے تابع ہو۔ اللہ تعالیٰ ہمیں سچی محبتِ رسول ﷺ، کامل اطاعت اور اخلاص کے ساتھ اتباعِ سنت نصیب فرمائے اور قیامت کے دن آپ ﷺ کی شفاعت و رفاقت سے سرفراز فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔