سفر کی آسانیاں اور آداب
انسانی زندگی مسلسل جدوجہد اور سفر کا نام ہے۔ سفر چاہے حصولِ رزق کے لیے ہو یا سیر و سیاحت کے لیے، یہ انسان کو نئے تجربات اور مشاہدات سے روشناس کرواتا ہے۔ ایک کامیاب سفر وہ ہے جس میں منزل تک پہنچنے کی جلدی سے زیادہ راستے کی سہولت اور سکون کی اہمیت ہو۔ آج کے جدید دور میں جہاں فاصلے سمٹ گئے ہیں، وہیں مسافر کے لیے وقت کی تفہیم اور جدید ذرائع کا درست استعمال ناگزیر ہو گیا ہے۔
​وقت کی الجھن اور ہمارا حل
اکثر مسافروں کو ریلوے کے نظامِ اوقات کو سمجھنے میں دشواری پیش آتی ہے۔ ریلوے کا عالمی نظام چوبیس (24) گھنٹوں پر محیط ہوتا ہے، جبکہ ہماری عام گھڑیاں بارہ (12) گھنٹوں کی عادی ہیں۔ دوپہر کے بارہ بجنے کے بعد جب ریلوے ٹائم ٹیبل پر 13 یا 15 کے ہندسے نمودار ہوتے ہیں، تو بہت سے سادہ لوح مسافر تذبذب کا شکار ہو کر اپنی ٹرین سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔
اسی الجھن کو دور کرنے کے لیے میں نےگھڑی کا یہ نیا ڈیزائن ترتیب دیا ہے۔ اس کا مقصد وقت کی اس پیچیدہ تقسیم کو ایک نظر میں قابلِ فہم بنانا ہے، تاکہ ہر مسافر بلا جھجھک اپنے سفر کا وقت متعین کر سکے۔ یہ محض ایک ڈیزائن نہیں، بلکہ مسافروں کے لیے آسانی کی 
ایک ادنیٰ سی علمی کاوش ہے۔

​ جدید ایپس کا استعمال
آج کا مسافر تنہا نہیں ہے، ٹیکنالوجی اس کے قدم بہ قدم ساتھ ہے۔  انڈیا کے وسیع ریلوے نیٹ ورک میں 'آئی آر سی ٹی سی' (IRCTC) اور 'این ٹی ای ایس' (NTES) جیسی ایپس مسافر کے لیے ایک رہنما کا کردار ادا کرتی ہیں۔ ٹرین کی لائیو لوکیشن جاننے کے لیے 'ویئر از مائی ٹرین' (Where is My Train) ایک بہترین ذریعہ ہے، جبکہ 'ریل مدد' جیسی سہولت کسی بھی مشکل یا ہنگامی صورتحال میں انتظامیہ سے براہِ راست رابطہ ممکن بناتی ہے۔ ان جدید ذرائع کو بروئے کار لا کر ہم اپنے سفر کو غیر یقینی صورتحال سے نکال کر اطمینان کے سانچے میں ڈھال سکتے ہیں۔
​سفر کے آداب: تہذیب کا سنگِ میل
سفر محض ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی نہیں، بلکہ یہ ہمارے اخلاق اور تہذیب کا امتحان بھی ہے۔ ایک باوقار مسافر وہ ہے جو اپنی ذات سے دوسروں کو تکلیف نہ پہنچائے۔ ریلوے اسٹیشن اور ٹرین کی صفائی کا خیال رکھنا، بزرگوں اور ضرورت مندوں کو جگہ دینا، اور دھیمے لہجے میں گفتگو کرنا سفر کے بنیادی آداب میں شامل ہے۔ یاد رکھیے، آپ کا حسنِ سلوک دورانِ سفر آپ کی شخصیت کا سب سے خوبصورت تعارف ہوتا ہے۔
سفر کی سلامتی کے لیے قوانین کی پاسداری اور احتیاط بے حد ضروری ہے۔ ریلوے ٹریک پار کرنے کے لیے ہمیشہ پل کا استعمال کریں اور اپنی قیمتی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں۔ میری یہ چھوٹی سی کوشش اسی لیے ہے کہ آپ کا ہر سفر سہل، محفوظ اور یادگار بن سکے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام مسافروں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے اور ان کی منزلیں آسان فرمائے۔
​اپنی دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔

​خیر اندیش: سلیمان قریشی
«الله أكبر، الله أكبر، الله أكبر، {سُبْحَانَ الَّذِي سَخَّرَ لَنَا هَذَا وَمَا كُنَّا لَهُ مُقْرِنِينَ وَإِنَّا إِلَى رَبِّنَا لَمُنقَلِبُونَ}»