🥰*اے ماہ مبارک تیرا آنا مبارک ہو*🥰

جب کائنات کی پیشانی پر نور کی پہلی کرن مسکراتی ہے، جب فضاؤں میں رحمتوں کی خوشبو گھلنے لگتی ہے، جب دلوں کی بستیوں میں امید کے چراغ جل اٹھتے ہیں اور روحیں اپنے خالق کی طرف پلٹنے کو بے تاب ہو جاتی ہیں، تب افقِ عالم پر ایک مقدس مہینہ طلوع ہوتا ہے *ماہِ رمضان المبارک*
اے ماہِ مبارک تیری آمد کو سلام کہ تیری ساعتیں رحمت کی سوغات لاتی ہیں، تیری گھڑیاں مغفرت کے پیام سناتی ہیں، اور تیری فضا بندگی کے نغموں سے معطر ہوتی ہیں، تو آتا ہے تو دلوں کے زنگ اترنے لگتے ہیں، آنکھوں میں ندامت کے آنسو جگمگانے لگتے ہیں، اور پیشانیاں سجدوں کی لذت سے آشنا ہو جاتی ہیں، یہ وہ دل نواز موسم ہے جس میں زمین آسمان سے ہم کلام ہوتی ہے، سحری کی خاموشیاں تسبیح کی سرگوشیوں سے مہک اٹھتی ہیں، اور افطار کی گھڑیاں شکر کے موتیوں سے دمکنے لگتی ہیں، تیری آمد گویا خزاں رسیدہ دلوں پر بہار کی پہلی پھوار ہے، مایوسی کی تاریکیوں میں امید کا چراغ ہے، اور گناہوں کی گرد میں لپٹی روحوں کے لیے پاکیزگی کا پیغام ہے۔
یہ وہ بابرکت زمانہ ہے جس میں ہدایت کا آفتاب، یعنی قرآن مجید، عالمِ انسانیت پر جلوہ گر ہوا اور زندگی کو نورِ یقین عطا کر گیا، رمضان فقط بھوک و پیاس کا امتحان نہیں، بلکہ نفس کی سرکشی کو دھڑام کرنے، دل کی سختی کو موم بنانے اور بندگی کی حلاوت چکھنے کا روح پرور عنوان ہے،
اے ماہِ مبارک! تیری راتیں چاندنی میں نہائی ہوئی دعاؤں کا سمندر ہیں، جن میں ہر آنسو گوہرِ نایاب بن جاتا ہے اور ہر سجدہ قربِ الٰہی کی سیڑھی، تیری ساعتیں رحمت کے پروں پر سوار ہو کر بندے کو پکارتی ہیں آ اپنے رب کی طرف لوٹ آ وہ تیری توبہ کا منتظر ہے۔
تو وہ آئینہ ہے جس میں بندہ اپنی حقیقت پہچانتا ہے، اپنی لغزشوں پر شرمندہ ہوتا ہے اور اپنے رب کے حضور جھک کر یوں محسوس کرتا ہے جیسے پوری کائنات اس کے سجدے کی ہم نوا ہو گئی ہو۔
*اے اللہ کریم*رمضان کی ان نورانی ساعتوں کے صدقے ہمارے بگڑے ہوئے حال کو سنوار دے، ہماری خاموش آہوں کو قبولیت کی آواز عطا فرما، اور ہماری ہر سچی دعا کو *کن* کہہ کر *فیکون* بنا دے، *یا رب عز وجل* جو آنکھیں ندامت سے نم ہیں اُنہیں مغفرت کی ٹھنڈک عطا فرما، جو دل گناہوں کے بوجھ سے دبے ہیں اُنہیں اپنی رحمت سے ہلکا کر دے، جو ہاتھ تیرے حضور پھیلے ہیں اُنہیں خالی واپس نہ لوٹا *اے پروردگار ہمیں ایسا رمضان نصیب فرما جو ہماری تقدیر بدل دے، ہماری راتوں کو سجدوں کی لذت دے، ہماری زبانوں کو ذکر کی مٹھاس دے، اور ہماری زندگی کو اپنی رضا کا راستہ دکھا دے یا اللہ* ہماری دعاؤں کو آسمان تک پہنچنے سے پہلے قبول فرما لے، ہماری خطاؤں کو یاد رکھنے سے پہلے معاف فرما دے، اور ہمیں اُن خوش نصیبوں میں شامل فرما لے جن سے تو راضی ہے۔

                  *✍️متعلم الجامعۃ الاشرفیہ✍️*