"اگر آپ ہر وقت تھکن، بے چینی یا اندرونی خالی ۔پن محسوس کر رہے ہیں تو یہ تحریر آپ کے لیے ہے۔۔۔!!

ذہنی دباؤ کیا ہے؟  

ذہنی دباؤ ایک ایسی نفسیاتی کیفیت ہے جس میں انسان کا ذہن مسلسل تھکن، اداسی، بے چینی یا مایوسی کا شکار رہتا ہے۔ یہ صرف وقتی اداسی نہیں ہوتی جو چند گھنٹوں یا دنوں میں ختم ہو جائے، بلکہ ایک مسلسل کیفیت ہوتی ہے جو انسان کی سوچ، جذبات، رویّے اور روزمرہ زندگی کو متاثر کرتی ہے۔
کبھی یہ اس صورت میں ظاہر ہوتا ہے کہ انسان ہر وقت پریشان رہتا ہے، دل بے سبب گھبراتا ہے، نیند متاثر ہو جاتی ہے، یا دل کسی کام میں نہیں لگتا۔ کبھی یہ اس طرح سامنے آتا ہے کہ انسان محفل میں بیٹھا بھی تنہا محسوس کرتا ہے۔ وہ ہنستا ہے، باتیں کرتا ہے، مگر اندر سے خالی ہوتا ہے۔
سائنس کے مطابق
جب انسان کسی مشکل، خوف، ذمہ داری یا دباؤ کا سامنا کرتا ہے تو دماغ کا ایک حصہ جسے امیگڈالا (Amygdala)کہتے ہیں، خطرے کا سگنل دیتا ہے۔ پھر جسم میں ہارمونز خارج ہوتے ہیں، خاص طور پر کارٹیسول (Cortisol)اور ایڈرینالین۔ یہ ہارمونز دل کی دھڑکن تیز کرتے ہیں، پٹھوں کو سخت کرتے ہیں اور دماغ کو چوکنا بنا دیتے ہیں۔ اسے “ فائٹ یافلائٹ "(لڑو یا بھاگو) ردِعمل کہا جاتا ہے
مختصر وقت کے لیے یہ ردِعمل فائدہ مند ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر امتحان یا کسی ہنگامی صورتحال میں یہی دباؤ انسان کو متحرک کرتا ہے۔ لیکن جب یہی کیفیت مہینوں یا برسوں تک جاری رہے تو یہ نقصان دہ بن جاتی ہے۔

ذہنی دباؤ کی وجوہات 
ذہنی دباؤ اچانک پیدا نہیں ہوتا۔ اس کے پیچھے کئی عوامل کارفرما ہوتے ہیں:
1. حد سے زیادہ ذمہ داریاں:
جب انسان اپنی طاقت سے زیادہ بوجھ اٹھا لیتا ہے اور آرام کا موقع نہیں ملتا تو ذہن تھک جاتا ہے۔
2. معاشی اور خاندانی مسائل:
روزگار کی پریشانی، گھریلو جھگڑے، یا تعلقات میں تلخی انسان کے دل پر گہرا اثر ڈالتی ہے۔
3. سوشل میڈیا کا موازنہ:
دوسروں کی خوشیوں، کامیابیوں اور آسائشوں کو دیکھ کر انسان اپنی زندگی کو کمتر سمجھنے لگتا ہے
4. ناکامیاں اور محرومیاں :
مسلسل ناکامی یا کسی قریبی شخص کا کھو دینا انسان کے اندر گہرا خلا پیدا کر دیتا ہے۔
5. خود اعتمادی کی کمی اور تنقید: 
جب انسان کو بار بار یہ احساس دلایا جائے کہ وہ کافی نہیں، تو آہستہ آہستہ وہ خود بھی یہی مان لیتا ہے۔
جب یہ عوامل طویل عرصے تک دل و دماغ پر اثر انداز ہوتے رہیں تو انسان کی باطنی قوت مدھم پڑنے لگتی ہے، سوچ منتشر ہو جاتی ہے اور وہ آہستہ آہستہ زندگی کے بوجھ تلے دبنے لگتا ہے 
ذہنی دباؤ کے اثرات 
دماغی اثرات:
ہپوکیمپس (Hippocampus):
یہ حصہ یادداشت اور سیکھنے سے متعلق ہے۔ طویل دباؤ اس کی کارکردگی کمزور کر دیتا ہے، اسی لیے اسٹریس میں انسان بھولنے لگتا ہے یا توجہ برقرار نہیں رکھ پاتا۔
پری فرنٹلکارٹیکس(Prefrontal Cortex):
یہ فیصلہ سازی اور سوچنے کا مرکز ہے۔ زیادہ دباؤ منطقی سوچ کو متاثر کر دیتا ہے، جس سے انسان جلد بازی یا مایوسی پر مبنی فیصلے کرنے لگتا ہے۔
امیگڈالا (Amygdala):
مسلسل دباؤ اسے زیادہ حساس بنا دیتا ہے، جس سے انسان معمولی بات پر بھی خوف یا غصہ محسوس کرنے لگتا ہے۔
جسمانی اثرات:
نیند میں خلل 
مدافعتی نظام کی کمزوری 
معدے کے مسائل 
دل کی بیماریوں کا خطرہ 
سر درد اور جسمانی درد کا سبب 
 جذباتی اور سماجی اثرات:
چڑچڑاپن
بے چینی
ناامیدی
خود اعتمادی میں کمی
لوگوں سے دوری
تحقیقی مطالعات بتاتے ہیں کہ جو لوگ سماجی تنہائی کا شکار ہوتے ہیں، ان میں اسٹریس ہارمون کی سطح زیادہ رہتی ہے۔ اس کے برعکس، جو لوگ اپنے جذبات کسی سے شیئر کرتے ہیں، ان کا دباؤ نسبتاً کم ہو جاتا ہے۔
حل اور رہنمائی:
ذہنی دباؤ کا حل صرف ایک جملہ نہیں، بلکہ ایک مکمل طرزِ زندگی کی تبدیلی ہے۔ اس کے لیے شعور، صبر اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے۔
1. اپنے احساسات کو تسلیم کریں
سب سے پہلا قدم یہ ہے کہ آپ مان لیں کہ آپ پریشان ہیں۔ اکثر ہم خود سے بھی سچ نہیں بولتے۔ ہم کہتے ہیں: "سب ٹھیک ہے" حالانکہ اندر طوفان برپا ہوتا ہے۔ اپنے دل کی کیفیت کو تسلیم کرنا شفا کی ابتدا ہے۔
2. بات کرنا سیکھیں
اپنے احساسات کو دل میں قید کرنا انہیں اور بھاری بنا دیتا ہے۔ کسی قابلِ اعتماد شخص سے بات کرنا، اپنے جذبات کو لفظ دینا، دل کا بوجھ ہلکا کرتا ہے۔ اگر گھر میں یا دوستوں میں کوئی ایسا نہ ہو تو کسی ماہرِ نفسیات سے رجوع کرنا بہترین قدم ہے۔ اور علاج لینا کمزوری نہیں بلکہ سمجھدار ہے۔
3. روحانی سکون کی تلاش 
انسان صرف جسم اور ذہن نہیں، روح بھی ہے۔ جب روح کمزور ہو جائے تو بے سکونی بڑھ جاتی ہے۔ نماز، دعا، ذکر اور قرآن کی تلاوت دل کو اطمینان دیتی ہے۔ سجدہ وہ مقام ہے جہاں انسان اپنے بوجھ اپنے رب کے حوالے کر دیتا ہے۔ اللہ پر یقین اور توکل انسان کو اندر سے مضبوط بناتا ہے۔
4. اپنی روٹین بہتر بنائیں
چھوٹی چھوٹی مثبت عادتیں ذہنی صحت پر گہرا اثر ڈالتی ہیں:
روزانہ کم از کم 20 سے 30 منٹ چہل قدمی
متوازن غذا
مناسب نیند
سوشل میڈیا کا محدود استعمال
دن کا ایک حصہ اپنے لیے مخصوص کرنا
یہ معمولی اقدامات آہستہ آہستہ ذہنی بوجھ کو کم کرتے ہیں۔
5. خود پر مہربان رہیں 
ہم دوسروں کی غلطیاں آسانی سے معاف کر دیتے ہیں، مگر اپنی نہیں۔ خود کو وقت دیں، اپنی کمزوریوں کو قبول کریں، اور یہ سمجھیں کہ ہر انسان کی زندگی میں مشکل وقت آتا ہے۔ کامل ہونا ضروری نہیں، سنبھلنا ضروری ہے۔
6. مثبت سوچ کی مشق 
ہر مشکل کے ساتھ آسانی بھی ہوتی ہے۔ اپنی زندگی کی چھوٹی چھوٹی نعمتوں کو گننا شروع کریں اور شکر ادا کریں،شکرگزاری دل کے اندھیروں کو کم کرتی ہے۔ جب انسان اپنی موجودہ نعمتوں کو پہچانتا ہے تو موازنہ کم ہو جاتا ہے اور سکون بڑھتا ہے۔
یاد رکھیں ذہنی دباؤ زندگی کا اختتام نہیں۔ یہ ایک مرحلہ ہے جو گزر سکتا ہے۔ جس طرح جسمانی زخم وقت اور علاج سے بھر جاتے ہیں، اسی طرح دل اور ذہن کے زخم بھی مناسب توجہ اور صبر سے مندمل ہو سکتے ہیں۔
اگر آپ اس وقت ذہنی دباؤ سے گزر رہے ہیں تو 
آپ کمزور نہیں ہیں۔
آپ ناکام نہیں ہیں۔
آپ اکیلے نہیں ہیں۔
یہ ایک آزمائش ہے، اور ہر آزمائش کے بعد آسانی آتی ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
"فَاِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا ۝
(بے شک ہر تنگی کے ساتھ آسانی ہے،
 سورۃ الشرح 5
اپنے آپ کو تنہا نہ چھوڑیں، مدد مانگنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں، اور امید کا دامن مضبوطی سے تھامے رکھیں۔ کیونکہ قرآن کریم ہمیں یہ یقین دلاتا ہے:
"لَا تَقْنَطُوْا مِنْ رَّحْمَةِ اللّٰهِ"
(اللہ کی رحمت سے ناامید نہ ہو)
— سورۃ الزمر: 53
پس اگر اندھیری رات طویل بھی ہو جائے تو یاد رکھیں، رب کی رحمت کی صبح ضرور طلوع ہوتی ہے۔

اللہ ہم سب کو دل کا سکون، فکر کی روشنی اور امید کی استقامت عطا فرمائے۔ آمین۔
✍🏻 بقلم: شیخ فاطمہ ابوالکلام 🥀