*فاسٹ فوڈ کلچر اور صحت پر اس کے منفی اثرات*
*خامہ بکف محمد عادل ارریاوی*
_________________________________
آج کے دور میں ہماری غذائیں اپنی اصل حالت سے بہت دور ہو چکی ہیں پہلے زمانے میں جو سادہ قدرتی اور گھریلو کھانے ہوا کرتے تھے وہ اب کم ہوتے جا رہے ہیں اب ہماری خوراک کچھ اس طرح کی ہو گئی ہے جیسے کوئی معجون یعنی بہت سی چیزوں کو ملا کر بنایا گیا مرکب ہو۔ خاص طور پر ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کا کھانا جس میں کاجو کشمش بادام اور طرح طرح کے بھاری اجزاء ڈال کر اسے مزید لذیذ بنایا جاتا ہے بظاہر تو اچھا لگتا ہے مگر یہ اصل اور سادہ غذا نہیں رہتی۔
حقیقی اور فائدہ مند کھانا وہ ہے جو گھر میں سادہ طریقے سے کم اور مناسب مصالحوں کے ساتھ تیار کیا جائے ایسے کھانے میں نہ صرف صفائی ہوتی ہے بلکہ اس میں غذائیت بھی برقرار رہتی ہے اور صحت بھی اچھی بنتی ہے۔ بدقسمتی سے آج کل ہم خود بھی اور ہمارے بچے بھی برگر پیزا موموس چاؤمین پانی پُری اور اس طرح کی دیگر بازاری اشیاء زیادہ شوق سے کھاتے ہیں۔ یہ چیزیں زیادہ تر باہر کی ثقافتوں سے آئی ہیں اور اکثر ان میں وہ غذائیت نہیں ہوتی جو ہمارے جسم کو درکار ہے۔
بھلا ایسی خوراک سے ہمیں طاقت اور توانائی کہاں سے ملے گی؟ حقیقت یہ ہے کہ یہ اشیاء اکثر وقتی ذائقہ تو دیتی ہیں مگر طویل مدت میں صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔ ان کو باقاعدہ کھانا کہنا بھی مناسب نہیں بلکہ بعض اوقات یہ صحت کے لیے خطرناک ہو سکتی ہیں۔ ایسی غذاؤں کے استعمال سے معدہ خراب ہونا ہاضمے کے مسائل پیدا ہونا اور مختلف بیماریوں کا جنم لینا عام بات ہے۔
لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم خود بھی باہر کی غیر معیاری اور غیر محفوظ غذاؤں سے پرہیز کریں اور اپنے بچوں کو بھی اس کی عادت نہ ڈالیں۔ ہمیں ایسی غذا کو ترجیح دینی چاہیے جو سادہ صاف متوازن اور گھر میں تیار کی گئی ہو تاکہ ہماری صحت اچھی رہے اور ہم بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔
حال ہی میں ایک واقعہ بھی سامنے آیا جس میں ممبئی میں ایک فیملی تفریح کے لیے گیا اور وہاں انہوں نے کچھ فروٹ وغیرہ کھایا جس کے نتیجے میں سب کی جان چلی گئی۔ ایسے واقعات ہمیں اکثر سننے کو ملتا ہے لیکن ہمیں معلوم ہی نہیں ہوتا کہ باہر ہمیں کیا کھلایا جا رہا ہے اس لیے احتیاط بے حد ضروری ہے۔
اچھی غذا اپنائیں اور اپنی صحت کا بہت زیادہ خیال رکھیں اور جو بھی حلال اور صاف رزق ہمیں میسر ہو اس پر اللہ ربّ العزت کا شکر ادا کریں۔
اے اللہ ربّ العزت ہمیں پاک حلال اور صحت بخش رزق عطا فرما اور ہمیں صحت مند اور تندرست زندگی نصیب فرما آمین یارب العالمین ۔