*آسان دین، مشکل زندگی… آخر کیوں؟* 

﴿يُرِيدُ اللَّهُ بِكُمُ الْيُسْرَ وَلَا يُرِيدُ بِكُمُ الْعُسْرَ﴾
"اللہ تمہارے لیے آسانی چاہتا ہے، تنگی نہیں چاہتا۔" (البقرۃ: 185)

﴿وَمَا جَعَلَ عَلَيْكُمْ فِي الدِّينِ مِنْ حَرَجٍ﴾
"اللہ نے دین کے معاملے میں تم پر کوئی تنگی نہیں رکھی۔" (الحج: 78)

آج کا انسان ایک عجیب کشمکش میں مبتلا ہے۔ زبان پر اکثر یہ جملہ سنائی دیتا ہے کہ "زندگی بہت مشکل ہو گئی ہے۔" ہر شخص وقت کی تنگی، رزق کی پریشانی، ذہنی دباؤ، گھریلو اختلافات، بے سکونی اور بے برکتی کا شکوہ کرتا دکھائی دیتا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ شکوے صرف دنیا داروں کی زبان پر نہیں بلکہ بہت سے مسلمان بھی یہی کہتے نظر آتے ہیں کہ "دین پر چلنا بہت مشکل ہے۔"

 *سوال یہ ہے کہ کیا واقعی دین مشکل ہے؟* یا پھر ہم نے اپنی زندگی کو خود اس قدر الجھا لیا ہے کہ *آسان دین بھی ہمیں دشوار محسوس ہونے لگا ہے* ؟

قرآن مجید کا اعلان ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں پر مشقت نہیں بلکہ آسانی چاہتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے بھی یہی تعلیم دی کہ "آسانی پیدا کرو، سختی نہ کرو، لوگوں کو خوشخبری دو، نفرت نہ دلاؤ۔" اسلام فطرت کا دین ہے۔ اس میں عبادات بھی ہیں، معاملات بھی، حقوق بھی ہیں، ذمہ داریاں بھی؛ مگر ہر حکم انسان کی طاقت اور استطاعت کے مطابق رکھا گیا ہے۔

اگر دین مشکل ہوتا تو مریض کو نماز میں بیٹھنے کی اجازت نہ دی جاتی، مسافر کی نماز قصر نہ ہوتی، رمضان میں مریض اور مسافر کو رخصت نہ ملتی، پانی نہ ہونے پر تیمم کی اجازت نہ دی جاتی حیض و نفاس کی تکلیف میں عورتوں کی نماز معاف نہیں کی جاتی، دودھ پلانے والی ماں یا حاملہ عورت کو بعد میں روزے قضاء کرنے کی اجازت نہ دی جاتی ، نکاح سادگی سے کرنے کا حکم نہ ملتا،اور مجبوری کی حالت میں بہت سی پابندیوں میں تخفیف نہ کی جاتی۔ یہ سب اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اسلام انسان کو مشقت میں ڈالنے نہیں بلکہ اس کی رہنمائی کے لیے آیا ہے۔

 *پھر آخر یہ زندگی مشکل کیوں محسوس ہوتی ہے؟* 
اس کا پہلا سبب یہ ہے کہ ہم نے دین کو چھوڑ کر دنیا کو زندگی کا اصل مقصد بنا لیا ہے۔ جس دل میں اللہ کی محبت کم ہو جائے، وہاں دنیا کی فکر بڑھ جاتی ہے۔ پھر دولت کم لگتی ہے، آسائشیں ناکافی محسوس ہوتی ہیں، دوسروں کی کامیابیاں اپنی ناکامی دکھائی دیتی ہیں اور خواہشات کا سلسلہ کبھی ختم نہیں ہوتا۔ نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ انسان ظاہری نعمتوں کے باوجود اندر سے خالی اور بے سکون رہتا ہے۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ کا قول ہے:
"جس نے دنیا کو اپنا سب سے بڑا مقصد بنا لیا، اللہ اس کے دل میں فقر رکھ دیتا ہے، خواہ اس کے پاس دنیا بھر کی دولت کیوں نہ ہو۔"
آج ہمارے گھروں کی بے سکونی کا ایک بڑا سبب بھی یہی ہے کہ ہم نے گھر بڑے بنا لیے مگر دل چھوٹے کر لیے۔ سہولتیں بڑھ گئیں مگر صبر کم ہو گیا۔ موبائل جدید ہو گئے مگر تعلقات کمزور ہو گئے۔ ہر چیز تیز ہو گئی مگر سکون کہیں کھو گیا۔

زندگی کو مشکل بنانے کا دوسرا بڑا سبب گناہوں کی کثرت ہے۔ انسان عموماً یہ سمجھتا ہے کہ گناہ صرف آخرت کو نقصان پہنچاتے ہیں، حالانکہ قرآن و سنت بتاتے ہیں کہ نافرمانیاں دنیا کی زندگی سے بھی برکت اٹھا لیتی ہیں۔ دل بے چین رہتا ہے، عبادت میں لذت ختم ہو جاتی ہے، گھروں سے محبت و رحمت رخصت ہونے لگتی ہے، رزق میں بے برکتی آ جاتی ہے اور انسان ہر نعمت کے باوجود محرومی محسوس کرتا ہے۔

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:
﴿وَمَنْ أَعْرَضَ عَنْ ذِكْرِي فَإِنَّ لَهُ مَعِيشَةً ضَنكًا﴾
"اور جو میرے ذکر سے منہ موڑے گا، اس کے لیے تنگ زندگی ہوگی۔" (طٰہٰ: 124)

یہ تنگی صرف غربت کا نام نہیں، بلکہ دل کا گھٹن، ذہنی پریشانی، بے اطمینانی اور روح کی ویرانی بھی اسی "معیشتِ ضنک" کا حصہ ہے۔ کتنے ہی لوگ ہیں جن کے پاس دولت کے انبار ہیں، مگر سکون کی دولت سے محروم ہیں؛ اور کتنے ایسے بھی ہیں جن کے پاس دنیا کا سامان کم ہے، مگر دل اللہ کی یاد سے آباد ہے، اس لیے ان کی زندگی مطمئن ہے۔

حضرت حسن بصری رحمہ اللہ فرمایا کرتے تھے:
"گناہ کی سزا صرف آخرت میں نہیں ملتی، بلکہ دنیا میں بھی اس کی تاریکی انسان کے چہرے، دل، رزق اور تعلقات میں ظاہر ہونے لگتی ہے۔"

تیسرا سبب یہ ہے کہ ہم نے توقعات کو ضرورتوں سے زیادہ بڑا کر لیا ہے۔ پہلے لوگ کم وسائل میں خوش رہتے تھے، آج بے شمار سہولتوں کے باوجود شکر کا جذبہ کمزور پڑ گیا ہے۔ دوسروں کی زندگیوں سے اپنا موازنہ، سوشل میڈیا پر دکھاوے کی دوڑ، فضول رسم و رواج، اور مصنوعی معیارِ زندگی نے انسان کو مسلسل بے چین کر دیا ہے۔

ایک شاعر نے کیا خوب کہا ہے:
ہزاروں خواہشیں ایسی کہ ہر خواہش پہ دم نکلے
بہت نکلے مرے ارمان، لیکن پھر بھی کم نکلے

اگرچہ یہ شعر انسانی خواہشات کی ترجمانی کرتا ہے، مگر حقیقت یہی ہے کہ خواہشات کا کوئی اختتام نہیں۔ اسلام ہمیں خواہشات کا غلام نہیں بلکہ نفس کا حاکم بناتا ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
"اصل دولت مال کی کثرت نہیں، بلکہ دل کا غنی ہونا ہے۔"
(صحیح بخاری، صحیح مسلم)

آج ہم نے اپنی خوشی کو دوسروں کی رائے سے وابستہ کر لیا ہے۔ اگر لوگ تعریف کریں تو خوش، تنقید کریں تو غمگین، کسی کے پاس نئی چیز دیکھ لیں تو اپنی نعمتیں حقیر لگنے لگتی ہیں۔ حالانکہ ایمان انسان کو یہ سکھاتا ہے کہ اس کی اصل کامیابی اللہ کی رضا ہے، نہ کہ لوگوں کی واہ واہ۔

زندگی کو مشکل بنانے کا ایک اور سبب صبر اور توکل کی کمی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہر دعا فوراً قبول ہو، ہر مشکل فوراً ختم ہو، ہر منصوبہ فوراً کامیاب ہو۔ لیکن اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کی تربیت آزمائشوں کے ذریعے فرماتے ہیں۔ کبھی بیماری، کبھی مالی تنگی، کبھی اولاد کی فکر، کبھی رشتوں کے مسائل… یہ سب ایمان کے امتحان ہیں، سزا نہیں۔

قرآن مجید میں ارشاد ہے:
﴿وَبَشِّرِ الصَّابِرِينَ﴾
"اور صبر کرنے والوں کو خوشخبری سنا دیجیے۔" (البقرۃ: 155)

صبر کا مطلب ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ جانا نہیں، بلکہ اللہ پر بھروسہ رکھتے ہوئے صحیح راستے پر ثابت قدم رہنا ہے۔ یہی وہ صفت ہے جو تلخ حالات کو بھی عبادت میں بدل دیتی ہے۔

اسلام نے ہمیں مشکل حالات میں بھی امید کا دامن تھامنے کی تعلیم دی ہے۔ کیونکہ جس دل میں یقین زندہ ہو، وہاں مایوسی جگہ نہیں بنا سکتی۔

زندگی کو مشکل بنانے کا ایک اور اہم سبب دین کو اپنی خواہشات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش ہے، نہ کہ اپنی خواہشات کو دین کے تابع کرنا۔ جب تک انسان اللہ کے احکام کے سامنے سرِ تسلیم خم کرتا ہے، اس کا دل مطمئن رہتا ہے؛ لیکن جب وہ ہر حکم کو اپنی عقل، مزاج اور خواہش کے ترازو میں تولنے لگتا ہے تو ہر عبادت بوجھ، ہر پابندی قید اور ہر دینی ذمہ داری مشکل محسوس ہونے لگتی ہے۔

آج ہم نماز کو وقت کی کمی کی وجہ سے مؤخر کرتے ہیں، قرآن کی تلاوت کو مصروفیت کی نذر کر دیتے ہیں، والدین کی خدمت کو بوجھ سمجھتے ہیں، صلہ رحمی کے بجائے تعلقات کو مفادات سے جوڑ دیتے ہیں، حلال و حرام کی تمیز میں مصلحتیں تلاش کرتے ہیں، اور پھر شکوہ کرتے ہیں کہ زندگی میں سکون نہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ سکون وہاں نہیں آتا جہاں صرف آسائشیں ہوں، بلکہ وہاں آتا ہے جہاں اللہ کی رضا ہو۔

اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
﴿أَلَا بِذِكْرِ اللَّهِ تَطْمَئِنُّ الْقُلُوبُ﴾
"سن لو! اللہ کے ذکر ہی سے دلوں کو اطمینان حاصل ہوتا ہے۔" (الرعد: 28)

غور کیجیے! اللہ تعالیٰ نے یہ نہیں فرمایا کہ دولت سے، شہرت سے، اقتدار سے یا دنیاوی کامیابی سے دل مطمئن ہوتے ہیں، بلکہ دلوں کا حقیقی سکون صرف اپنے رب سے تعلق مضبوط کرنے میں ہے۔

رسول اللہ ﷺ کی پوری زندگی ہمارے سامنے ہے۔ آپ ﷺ نے یتیمی دیکھی، ہجرت کی مشقت برداشت کی، شعبِ ابی طالب کی بھوک اور تنگی دیکھی، طائف کی سنگ باری برداشت کی، عزیزوں کی جدائی دیکھی، مگر کبھی یہ نہیں فرمایا کہ "میری زندگی بہت مشکل ہے۔" بلکہ ہر حال میں آپ ﷺ کی زبان پر شکر، دعا، صبر اور اپنے رب پر کامل اعتماد تھا۔ یہی ایمان کا حسن ہے کہ وہ مشکلات کو ختم نہیں کرتا، بلکہ انسان کو مشکلات سے بلند کر دیتا ہے۔

صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم کی زندگیاں بھی اسی حقیقت کی روشن مثال ہیں۔ ان کے پاس نہ آج جیسی سہولتیں تھیں، نہ آرام و آسائش کے وسائل؛ مگر ان کے دل ایمان سے بھرے ہوئے تھے، اس لیے وہ آزمائشوں میں بھی مطمئن تھے۔ حضرت بلالؓ تپتے ہوئے ریگستان میں بھی "احد، احد" کی صدا بلند کرتے رہے۔ حضرت سمیہ شہید ہوگیی، حضرت خدیجہ اپنے شوہر کے ساتھ شعب بن ابی طالب میں محصور رہ گئی، حضرت خبابؓ کو دہکتے انگاروں پر لٹایا گیا، مگر ایمان متزلزل نہ ہوا۔ حضرت عثمانؓ نے اپنی دولت اللہ کے راستے میں لٹا دی، حضرت ابوبکرؓ نے اپنا سب کچھ قربان کر دیا، حضرت عمرؓ نے عدل کو اپنی زندگی کا شعار بنایا۔ ان بزرگ ہستیوں نے دنیا کو یہ سبق دیا کہ آسان زندگی، سامان کی فراوانی سے نہیں بلکہ ایمان کی مضبوطی سے حاصل ہوتی ہے۔

آج اگر ہم اپنے معاشرے پر نگاہ ڈالیں تو محسوس ہوگا کہ مسائل کی ایک بڑی وجہ بے برکتی ہے۔ آمدنی پہلے سے زیادہ ہے مگر اخراجات ختم نہیں ہوتے، گھروں میں سامان زیادہ ہے مگر محبت کم ہے، تعلیم زیادہ ہے مگر کردار کمزور ہے، رابطے تیز ہیں مگر رشتے کمزور ہیں۔ اس کی وجہ یہ نہیں کہ اسلام مشکل ہے، بلکہ یہ ہے کہ ہم نے اسلام کے اصولوں سے دوری اختیار کر لی ہے۔

اگر ہم چاہتے ہیں کہ زندگی دوبارہ آسان اور پُرسکون بن جائے تو ہمیں چند بنیادی فیصلے کرنے ہوں گے۔ نماز کو زندگی کی پہلی ترجیح بنانا ہوگا، قرآن سے روزانہ تعلق جوڑنا ہوگا، صبح و شام کی مسنون دعاؤں اور اذکار کو معمول بنانا ہوگا، والدین، رشتہ داروں اور پڑوسیوں کے حقوق ادا کرنے ہوں گے، حلال رزق پر قناعت اختیار کرنی ہوگی، فضول اخراجات اور نمود و نمائش سے بچنا ہوگا، دوسروں سے موازنہ کرنے کے بجائے اپنی نعمتوں پر شکر ادا کرنا ہوگا، اور ہر حال میں اللہ تعالیٰ سے حسنِ ظن قائم رکھنا ہوگا۔ یہی وہ اعمال ہیں جو زندگی سے بے برکتی کے بادل چھانٹ کر دلوں میں اطمینان کی روشنی پیدا کرتے ہیں۔

حضرت علی رضی اللہ عنہ کا ایک نہایت حکیمانہ قول ہے:
"صبر ایسا گھوڑا ہے جو کبھی اپنے سوار کو گرنے نہیں دیتا، اور قناعت ایسا خزانہ ہے جو کبھی ختم نہیں ہوتا۔"

علامہ اقبال نے بھی انسان کو اسی حقیقت کی طرف متوجہ کرتے ہوئے کہا:

یہ راز کسی کو نہیں معلوم کہ مومن
قاری نظر آتا ہے، حقیقت میں ہے قرآن

یعنی ایک سچا مومن صرف قرآن پڑھتا ہی نہیں، بلکہ اس کی زندگی قرآن کی عملی تفسیر بن جاتی ہے۔ جب قرآن زندگی میں اتر جائے تو مشکلات بھی انسان کو اللہ کے قریب کر دیتی ہیں۔

آخر میں ہمیں اپنے آپ سے ایک سوال ضرور کرنا چاہیے کہ کیا واقعی دین مشکل ہے، یا ہم نے اپنی خواہشات، رسم و رواج، فضول مقابلہ آرائی، گناہوں اور دنیا کی بے جا محبت سے اپنی زندگی کو مشکل بنا لیا ہے؟ اگر جواب ایمانداری سے تلاش کیا جائے تو معلوم ہوگا کہ اسلام تو آج بھی اتنا ہی آسان ہے جتنا چودہ سو سال پہلے تھا۔ مشکل ہمارا طرزِ فکر، ہماری ترجیحات اور ہماری غفلت بن گئی ہے۔

آئیے! آج ہی عہد کریں کہ ہم دین کو بوجھ نہیں بلکہ اللہ کی سب سے بڑی نعمت سمجھ کر اختیار کریں گے، اپنے گھروں کو نماز، قرآن، ذکرِ الٰہی اور حسنِ اخلاق سے آباد کریں گے، اور دنیا کی وقتی چمک کے بجائے آخرت کی دائمی کامیابی کو اپنا مقصد بنائیں گے۔ یقین جانیے! جس دن ہمارا تعلق اپنے رب سے مضبوط ہو جائے گا، اسی دن زندگی کی بہت سی الجھنیں خود بخود سلجھنا شروع ہو جائیں گی۔ کیونکہ دین کبھی مشکل نہیں تھا، نہ ہے، نہ ہوگا؛ مشکل صرف وہ زندگی ہے جو اپنے خالق سے دور ہو جائے۔