نکاح کو آسان بنائیں، غیر شرعی رسموں کو ختم کریں!

سادگی، سنت اور برکت کا راستہ اختیار کریں

محبوب الحسن محبوؔب مظفرنگری  
اسلام نے نکاح کو ایک پاکیزہ، بابرکت اور آسان رشتہ بنایا ہے۔ نکاح محض دو افراد کا ازدواجی تعلق نہیں، بلکہ دو خاندانوں کے درمیان محبت، اعتماد، اخوت اور ذمہ داری کے ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔ اللہ تعالیٰ نے نکاح کو انسانی زندگی کے لیے سکون و اطمینان کا ذریعہ بنایا ہے، لیکن افسوس کہ آج ہمارے معاشرے میں نکاح جیسی آسان سنت کو غیر ضروری رسم و رواج، فضول خرچی، دکھاوے اور معاشرتی دباؤ نے مشکل بنا دیا ہے۔

آج صورتِ حال یہ ہے کہ لڑکی کی شادی کے لیے والدین کو برسوں پہلے سے سامان جمع کرنا پڑتا ہے، شادی کی تقریبات کے نام پر بے شمار اخراجات برداشت کرنے پڑتے ہیں اور خاندان و برادری کی نام نہاد عزت کا خیال رکھتے ہوئے ایسی رسمیں بھی ادا کرنی پڑتی ہیں جن کا دین و شریعت سے کوئی تعلق نہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ بہت سے غریب اور متوسط طبقے کے والدین اپنی بیٹیوں کی شادی کے سلسلے میں ذہنی پریشانی اور مالی مشکلات کا شکار رہتے ہیں، جب کہ بعض نوجوان محض شادی کے اخراجات پورے نہ کر پانے کی وجہ سے نکاح سے محروم رہ جاتے ہیں۔

حالاں کہ اسلام نے نکاح کو آسان بنانے کی تعلیم دی ہے، مشکل بنانے کی نہیں۔ رسول اللہ ﷺ کا ارشادِ گرامی ہے:

«إِنَّمَا الْأَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ»

یعنی اعمال کا دار و مدار نیتوں پر ہے۔ (صحیح بخاری: 1)

اس حدیث سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہر کام میں ہماری نیت درست ہونی چاہیے۔ نکاح کا مقصد اللہ تعالیٰ کی رضا، سنتِ نبوی ﷺ کی پیروی اور ایک پاکیزہ خاندانی زندگی کا آغاز ہونا چاہیے، نہ کہ نمود و نمائش، نام و نمود اور لوگوں سے اپنی دولت و حیثیت کا اظہار۔

رسول اللہ ﷺ نے نکاح کے معاملے میں آسانی اور سادگی کی ترغیب دیتے ہوئے ارشاد فرمایا:

«خَيْرُ النِّكَاحِ أَيْسَرُهُ»

ترجمہ: بہترین نکاح وہ ہے جو سب سے زیادہ آسان ہو۔ (سنن ابی داؤد: 2117)

اس ارشادِ نبوی ﷺ کی روشنی میں ہمیں اپنے معاشرتی رویوں کا جائزہ لینا چاہیے اور نکاح کو آسان بنانے کے لیے عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔

نکاح کی تقریبات میں اصلاح کی چند ضروری باتیں

1۔ لڑکی دیکھنے کے نام پر بھیڑ جمع نہ کریں

رشتہ دیکھنے کے لیے لڑکے کے خاندان کے چند ذمہ دار اور سمجھ دار افراد ہی جائیں۔ صرف لڑکی کو دیکھنے کے نام پر پورے خاندان اور درجنوں افراد کا جمع ہونا مناسب نہیں۔ اس سے لڑکی اور اس کے گھر والوں کو غیر ضروری ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس معاملے میں پردے، عزت اور وقار کا پورا خیال رکھا جائے۔

2۔ نکاح میں محدود افراد شریک ہوں

نکاح ایک بابرکت دینی تقریب ہے، اسے غیر ضروری ہجوم اور دکھاوے کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔ نکاح میں قریبی رشتہ داروں اور چند بزرگوں کی شرکت کافی ہے۔ تعداد بڑھانے اور اپنی شان دکھانے کے بجائے اخلاص اور سادگی کو ترجیح دی جائے۔

3۔ مسجد میں نکاح اور وقت کی پابندی

نکاح مسجد میں کرنا ایک اچھا اور پسندیدہ عمل ہے، بشرطیکہ مسجد کے آداب کا خیال رکھا جائے۔ نکاح کا وقت پہلے سے طے کیا جائے اور تمام متعلقہ افراد وقت کی پابندی کریں۔ نکاح کے نام پر گھنٹوں انتظار کروانا اور لوگوں کو پریشان کرنا مناسب نہیں۔

4۔ ہلدی اور دیگر غیر ضروری رسموں سے اجتناب

ہلدی کی رسم، مہندی کی مخصوص تقریبات اور دوسری ایسی رسومات جنہیں شادی کے لیے ضروری سمجھ لیا گیا ہے، ان کے معاملے میں شرعی حدود اور معاشرتی اثرات کو سامنے رکھنا چاہیے۔ کسی رسم کو دین کا حصہ یا نکاح کی لازمی ضرورت سمجھنا درست نہیں۔ جو رسم غیر شرعی امور، بے پردگی یا فضول خرچی کا ذریعہ بنے، اسے ختم کرنا ضروری ہے۔

5۔ جہیز اور سامان کی نمائش بند کی جائے

لڑکی کے گھر والوں پر جہیز اور گھریلو سامان دینے کا کوئی شرعی فرض نہیں۔ اس کے باوجود معاشرے میں سامان کی طویل فہرستیں اور ان کی نمائش والدین کے لیے پریشانی کا سبب بنتی ہیں۔ اگر والدین اپنی خوشی اور استطاعت کے مطابق بیٹی کو کچھ دینا چاہیں تو یہ ان کی مرضی ہے، لیکن اسے مطالبے، شرط یا خاندانی عزت کا مسئلہ نہ بنایا جائے۔ سامان کی نمائش کے بجائے سادگی اختیار کی جائے اور اگر سامان دینا ہو تو شادی سے آٹھ دس دن پہلے خاموشی سے پہنچا دیا جائے، تاکہ شادی کے موقع پر کسی قسم کا دکھاوا نہ ہو۔

6۔ گونا اور دش یاری جیسی غیر ضروری رسومات ختم کریں

شادی کے موقع پر گونا، دش یاری اور دیگر علاقائی رسموں کو لازمی سمجھنا درست نہیں۔ ایسی رسومات جن کے لیے لڑکی والوں پر مالی یا معاشرتی دباؤ ڈالا جاتا ہو، انہیں ختم کیا جانا چاہیے۔ بہتر یہ ہے کہ لڑکا خود اپنے گھر والوں کے ساتھ جا کر عزت و احترام سے دلہن کو رخصت کرا کے لائے اور دونوں خاندان محبت و خلوص کے ساتھ اس نئے رشتے کا آغاز کریں۔

7۔ ڈی جے اور آتش بازی سے پرہیز کریں

شادی بیاہ میں ڈی جے، شور شرابہ، بے پردگی اور آتش بازی پر بے دریغ پیسہ خرچ کرنا نہ صرف فضول خرچی ہے بلکہ کئی مرتبہ دوسروں کے لیے تکلیف اور اذیت کا باعث بھی بنتا ہے۔ خوشی منانے کے نام پر شریعت کی حدود پامال نہیں ہونی چاہئیں۔ خوشی کا اظہار جائز حدود میں رہ کر کیا جائے۔

8۔ غیر شرعی اور بے مقصد رسموں کا بائیکاٹ کریں

ہمارے معاشرے میں بہت سی ایسی رسمیں رائج ہو چکی ہیں جنہیں صرف اس لیے ادا کیا جاتا ہے کہ خاندان اور برادری میں ایسا ہی ہوتا آیا ہے۔ ہمیں یہ سوچ بدلنی ہوگی۔ ہر رسم کو محض پرانی روایت ہونے کی وجہ سے قبول کرنا ضروری نہیں۔ جو رسم شریعت کے خلاف ہو یا لوگوں پر بوجھ بنتی ہو، اسے ترک کرنے میں ہی بھلائی ہے۔

9۔ فضول خرچی اور نمود و نمائش سے بچیں

شادی کے موقع پر مہنگے ہال، قیمتی سجاوٹ، بے شمار کھانے، مہنگے ملبوسات اور غیر ضروری تقریبات پر لاکھوں روپے خرچ کر دیے جاتے ہیں۔ یہ رقم اگر کسی ضرورت مند کی مدد، کسی یتیم کی کفالت یا نئے جوڑے کی بہتر زندگی کے آغاز پر خرچ کی جائے تو زیادہ مفید ثابت ہو سکتی ہے۔ یاد رکھیے! شادی کی اصل خوب صورتی مہنگی تقریبات میں نہیں بلکہ محبت، اخلاص، سادگی اور باہمی احترام میں ہے۔

تبدیلی کا آغاز ہمیں خود کرنا ہوگا

یہ بات سمجھنے کی ضرورت ہے کہ معاشرے میں اصلاح صرف تقریروں، تحریروں اور مشوروں سے نہیں آئے گی، بلکہ اس کے لیے ہمیں اپنی ذات اور اپنے گھروں سے آغاز کرنا ہوگا۔ جب ہم خود اپنے بچوں کی شادیوں میں غیر ضروری رسموں کو ترک کریں گے، جہیز کا مطالبہ نہیں کریں گے، سادگی اختیار کریں گے اور دوسروں کے لیے آسانی پیدا کریں گے، تبھی معاشرے میں حقیقی تبدیلی آئے گی۔

خصوصاً لڑکے والوں کو اس سلسلے میں پہل کرنی چاہیے۔ انہیں یہ اعلان کرنا چاہیے کہ ہمیں جہیز نہیں چاہیے، ہمیں دکھاوا نہیں چاہیے، ہمیں مہنگی تقریبات نہیں چاہئیں، ہمیں صرف ایک نیک سیرت، بااخلاق اور دیندار شریکِ حیات چاہیے۔ اسی طرح لڑکی والوں کو بھی اپنی استطاعت سے بڑھ کر اخراجات کرنے اور معاشرتی دباؤ میں آنے سے گریز کرنا چاہیے۔

علمائے کرام، ائمہ مساجد، دینی و سماجی تنظیموں، نکاح خواں حضرات اور معاشرے کے ذمہ دار افراد کو بھی اس اصلاحی مہم میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ مساجد کے منبروں سے نکاح کی سادگی، جہیز کی لعنت، فضول خرچی اور غیر ضروری رسموں کے خلاف مسلسل آواز بلند کی جائے۔

آئیے! نکاح کو سنت کے مطابق آسان بنائیں

ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم اپنی بیٹیوں کی شادی کو والدین کے لیے بوجھ نہیں بلکہ خوشی کا ذریعہ بنائیں گے۔ ہم نکاح کو دولت کی نمائش کا مقابلہ نہیں بنائیں گے، کسی غریب باپ کو جہیز کے مطالبے سے پریشان نہیں کریں گے اور نہ ہی کسی خاندان کو برادری کے خوف سے غیر ضروری رسمیں ادا کرنے پر مجبور کریں گے۔

یاد رکھیے! نکاح کی کامیابی کا تعلق مہنگے لباس، قیمتی زیورات، جہیز کے سامان یا شاندار دعوتوں سے نہیں، بلکہ میاں بیوی کے درمیان محبت، اعتماد، وفاداری، حسنِ اخلاق اور ایک دوسرے کے حقوق کی ادائیگی سے ہے۔

آئیے! عہد کریں کہ ہم نکاح کو آسان بنائیں گے، غیر شرعی رسموں کو ختم کریں گے، جہیز کے مطالبے سے اجتناب کریں گے، فضول خرچی اور دکھاوے سے بچیں گے اور اپنی نئی نسل کو سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق پاکیزہ اور بابرکت ازدواجی زندگی کا تحفہ دیں گے۔

کیونکہ جب نکاح آسان ہوگا تو معاشرہ پاکیزہ ہوگا، خاندان مضبوط ہوں گے اور ہماری زندگیوں میں حقیقی برکت آئے گی۔

نکاح کو آسان بنائیں، سنت کو اپنائیں اور برکتیں پائیں!